قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے اساتذہ وسٹاف کو ادارے سے وفاداری نبھانا ہوگی ، ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ

بدھ 6 جون 2018 22:23

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے نئے مقرر کردہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں میرٹ اور معیار سے ہٹ کے کوئی کام نہیں ہوگا،یونیورسٹی کی تعمیروترقی کیلئے ہر ایک کے تعاون کا طلبگار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی مین جوائننگ کے بعد تدریسی و غیر تدریسی شعبہ جات کے سربراہوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی میں تعینات اساتذہ سمیت سٹاف کو یونیورسٹی سے وفاداری نبھانا ہوگا، ہر ایک کو اپنے فرض منصبی کی ادائیگی میں میرٹ اور انصاف کو پیش نظر رکھنا ہوگا۔ ہر ایک اپنے کیے کا ذمہ دار ہوگا۔یونیورسٹی میں جزا و سزا کا نظام قائم ہوگا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کی تعمیر وترقی کیلئے کمیونٹی ، علاقے کے عمائدین، سیاسی زعماء ، سرکاری حکام سمیت ہر طبقہ فکر سے ملاقات کرونگا اور یونیورسٹی کی ترقی کی راہ میں حائل مسائل ومشکلات کے حل کیلئے بات چیت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے ہنزہ، غذر اور چلاس میں قائم سب کیمپس کی فعالیت اور بہتری کیلئے ٹھوس اور ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اور فوری طور پر غذر اور چلاس کیمپس میں کلاسز کے اجراء کیلئے اقدامات کیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :