لاہور ہائیکورٹ میں نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک کیخلاف درخواست دائر

بدھ 6 جون 2018 22:34

لاہور ہائیکورٹ میں نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک کیخلاف درخواست ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ میں نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔لاہور ہائیکورٹ میں مقامی وکیل جاوید اقبال جعفری نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک کے خلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ نگران وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد اپنے آبائی علاقے سوات کا دورہ کیا جس پر سرکاری خزانے سے بے پناہ اخراجات کیے گئے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ دورہ سوات میں نگران وزیراعظم کو پروٹوکول دیا گیا، ان کے سکیورٹی اور آمدورفت پر جو اخراجات آئے وہ سرکاری خزانے سے لیے گئے جو نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ نگران وزیراعظم کو حکم دیا جائے کہ وہ اپنے نجی دورہ سوات میں آنے والے اخراجات کو قومی خزانے میں جمع کرائیں۔لاہور ہائیکورٹ کیرجسٹرار آفس نے پہلے اس درخواست پر اعتراض لگایا تھا کہ یہ درخواست ہاتھ سے تحریر شدہ ہے اسے کمپیوٹرائز نہیں کیا گیا تاہم درخواست گزار نے اس پر اعتراض دور کیے بغیر دوبارہ درخواست جمع کرادی جس پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید نے درخواست پر سماعت کی اور اعتراض دور کرتے ہوئے اسے سماعت کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی۔