حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے بہن بھائی نے عرا ق میں خط کوفی کا مقابلہ جیت کرتاریخ رقم کرلی

محمد اشرف اور صائمہ فہد نے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کر کے دنیا کو ورطہء حیرت میں ڈال دیا

بدھ 6 جون 2018 22:34

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) عراق کی وزارت الشوئون الاسلامیہ کے زیر اہتمام عراقی شہر نجف میں منعقدہ ساتویں السفیر عالمی مقابلہ عربی خطاطی میں حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے محمد اشرف ہیرا اور انکی بہن صائمہ فہد نے خط کوفی میں مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کر کے تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کو ورطہء حیرت میں ڈال دیا۔

(جاری ہے)

اس عظیم اور شاندار کامیابی پر صائمہ فہد نے کسی بھی بین الاقوامی خطاطی مقابلہ میں اوّل انعام حاصل کرنے والی پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون خطاطہ کا اعزاز حاصل کر لیا۔اور ان کے ساتھ ر یکارڈ یافتہ خطاط محمد اشرف ہیرا نے بھی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سب سے زیادہ بین الاقوامی خطاطی مقابلے جیتنے کا اپنا اعزاز برقرار رکھا۔ مذکورہ مقابلہ میں دنیا بھر کے نامور اور ماہر استاد خطاطوں نے حصہ لیا جس میں پاکستان کے نوجوان خطاطین اشرف ہیرا اور صائمہ فہد نے پہلی پوزیشن ، ایران نے دوسری اور مصرکے خطاطوں نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سعودی عرب اور عراق کے خطاطوں نے حوصلہ افزائی کے انعامات جیتے۔