تمام امیدوار سپریم کورٹ سے منظور شدہ حلف نامہ 11 جون تک اپنے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرائیں،الیکشن کمیشن

بدھ 6 جون 2018 22:44

تمام امیدوار سپریم کورٹ سے منظور شدہ حلف نامہ 11 جون تک اپنے متعلقہ ریٹرننگ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے تمام امیدواروںکو ہدایت کی ہے کہ وہ سپریم کورٹ سے منظور شدہ حلف نامہ 11 جون تک اپنے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرائیں ۔ اس حلف نامے کے بغیر کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے بدھ کو جاری تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تیار کردہ حلف نامہ منظور کرلیا ہے جو کاغذات نامزدگی کے ساتھ ہی جمع کرایا جاسکے گا تاہم الیکشن کمیشن نے یہ حلف نامہ جمع کرانے کے لئے آخری تاریخ 11 جون مقرر کی ہے ۔

خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر حصہ لینے والے امیدواروں کے لئے بھی یہ حلف نامہ جمع کرانا لازمی ہو گا۔ امیدواروں کی سہولت کے لئے یہ حلف نامہ ویب سائٹ پر بھی جاری کردیا گیا ہے۔