بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا سینئر صحافی اسد کھرل پر حملے ، اینکر پرسن گل بخاری کے اغوا کی شدید مذمت

حملے آ زادی اظہار پررائے پر حملہ قرار دیا،حکومت واقعات کا نوٹس لے اور ہائی کورٹ کے جج کے ذریعے تحقیقات کرائے،مطالبہ

بدھ 6 جون 2018 22:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے لاہور میں بول نیوز کے سینئر صحافی اسد کھرل پر نامعلوم افراد کے حملے اور ان پر بہیمانہ تشدد ، وقت نیوز کی اینکر پرسن گل بخاری کے اغوا کی شدید مذمت کی ہے اور اسے آزادی اظہار پر حملہ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

بی یو جے نے اپنے ایک مذمتی بیان میں لاہور میں رونما ہونے والے واقعات پر انتہائی غصہ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ان واقعات کا نوٹس لے اور اس کی ہائی کورٹ کے جج کے ذریعے تحقیقات کرائے۔

حکومت کو خبردار کیا کہ بی یو جے ان واقعات کو صحافیوں کوپیشہ ورانہ فرائض سے روکنے اور پریس کی آزادی پرقدغن لگانے کے مترادف سمجھتی ہے۔ صحافی اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کسی خوف کے بغیر آزادی اظہار پر حملوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔