حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا، شہر بھر میں مجالس منعقد کی گئیں

جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگیا

بدھ 6 جون 2018 22:47

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) حضرت علی کرم اللہ وجہہ کایوم شہادت بدھ کو مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا ، اس دن کی مناسبت سے شہر بھر میں مجالس منعقد کی گئیں ۔نشتر پارک میں شہادت حضرت علیؓ کی مناسبت سے منعقدہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ کمیل مہدوی نے کہا کہ حضرت علی ابن ابو طالب کی سیرت ،کردار اور طرز زندگی کو مشعل راہ بنایا جائے، آپ کی اعلی اقدار اور جرا ت و بہادری کا زمانہ معترف ہے ۔

ہمارے حکمران اس کی پیروی کر کے کامیابی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں ، اسی عزم و حوصلے کے ساتھ اپنے زندگیوں کے معملات کو آگے بڑھایا جائے تو مشکلات سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے،مسلم اقوام اپنی عزت و حرمت کے تحفظ کیلئے رسول اکرمﷺ ،حضرت علی اور دیگر اہلبیت اطہار کی مقدس شخصیات کے بتائے ہوئے رہنمااصولوں پر عمل پیرا ہو ں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں یوم علی مرکزی جلوس نشتر پارک سے بوتراب اسکاوٹس کی قیادت میں بر آمد ہوا ۔

جلو س کی سیکورٹی کے لیے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے ۔ شرکاکی آمد کے لیے مزار قائد کے سامنے داخلی و خارجی راستہ بنا یا گیا اور باغ جناح میں گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا تھا،شرکاکی رہنمائی کے لیے نشتر پارک اور نمائش چورنگی پر رہنمائی اور امدادی کیمپ بھی لگائے گئے اور دوران جلوس میڈیکل موبائل سروس بھی چلائی گئی۔

جلوس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور پاک سر زمین پارٹی کے رہنما ڈاکٹر صغیر احمد اور وسیم آفتاب و دیگر نے بھی شرکت کی۔ اس مو قع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آج عظیم شہادت کا دن ہے ۔شیرخدا نے جام شہادت نوش کیا ۔یہی وہ عظیم قربانیاں ہیں جن کی وجہ سے لوگ اسلام کوقربانیوں کا مذہب سمجھتے ہیں اور جوشیرخدا کوماننے والے ہیں وہ انتہاپسندی کی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دینگے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اہل تشیع کے لاپتہ افراد کی خواتین گھروں پرماری پھر رہی ہیں ۔آئین پاکستان چوبیس گھنٹے میں گرفتارافراد کوعدالت پیش کرنے کا حکم دیتا ہے ۔افسوس کی مسنگ پرسن ایم کیوایم کے ہوں یا شیعہ برادری سب دربدر ہیں۔یوم علی کے جلوس میں امامیہ اسٹو ڈنٹس آرگنائزیشن کر اچی کی جانب سے ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرین کا اہتمام کیا گیا جہاں علامہ شاہد رضا کاشفی کی اقتدامیں نماز ظہرین ادا کی گئی ۔

نماز کے بعدفلسطین ، شام ، عراق ، کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔بعد ازاں جلوس اپنے روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ ،صدر ایمپریس مارکیٹ ،ریگل چوک، تبت سنٹر ،جامع کلاتھ، لائٹ ہاس،سٹی کورٹ اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگیا۔