کوئٹہ، عالمی ایام عزا بسلسلہ شہادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب کوئٹہ میں عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا

ہزارہ ٹائون سے مرکزی جلوس علم و شبیہ تابوت شیر خدا مختلف ماتمی سنگتوں پر مشتمل علی آباد سے برآمد ہوا

بدھ 6 جون 2018 23:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ عالمی ایام عزا بسلسلہ شہادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ دنیا بھرکی طرح کوئٹہ میں بھی منگل کی رات کو عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا ۔اس موقع پر ہزارہ ٹائون سے مرکزی جلوس علم و شبیہ تابوت شیر خدا مختلف ماتمی سنگتوں پر مشتمل علی آباد سے برآمد ہواجس میں ماتمی عزاداروں نے سینہ کوبی نوحہ خوانی کاردی زنی اور قمہ زنی کرکے شہادت علی ؑ کا پرسہ پیش کیا اور شدید رقت انگیر مناظر دیکھنے میں آئے۔

در ایں اثنا ء ماتمی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مین چوک پر پہنچ کر مولائے کائنات کو پرسہ پیش کیا، مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عزاداری کیمپ میں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے مردان علی چنگیزی نے کہا کہ حضرت علی ابن ابی طالب ؑ وہ واحد ہستی ہیں جنہیں خانہ کعبہ میں ولادت اور مسجد میں شہادت کا شرف حاصل ہوا اور فرمان ختمی مرتبت ؐہے کہ خدا نے میرے برادر علی ؑ کو وہ فضائل و کمالات عطا کیے جن کا تمام انسان مل کر بھی شمار نہیں کر سکتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حدیث رسول ؐ کی رو سے بہترین فیصلہ کرنے والے علی ؑ ہیں ۔لہذا عدل و انصاف کی فراہمی کیلئے دامن مرتضوی کو تھامنا ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ علی ابن ابی طالب ؑ نے سجد ہ خالق میں رتبہ شہادت پا کر تو حید کو سربلند کردیا۔ انہوںنے کہا کہ حضرت علی المرتضیٰ ؑ نے میدان ِ شجاعت سے لے کر مسندِ عدالت تک زندگی کے تمام شعبوں میں انسانیت کی نجات اور مشکلات کے حل کیلئے وہ کارہائے نمایاں سر انجام دیئے جن کی بدولت آج پرچم اسلام پوری دنیا پر آب و تاب کے ساتھ لہرا رہا ہے۔

انہوں نے مختار فورس کے رضاکاروں ، سیکیورٹی اداروں ، پولیس اور ایف سی کا حفاظتی انتظامات سنبھالنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں ماتمی جلوس کاردی زنی و قمہ زنی کرتے ہوئے اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہو ا امامبارگاہ ولی العصر ؑ میں اختتام پذید ہوا۔ در ایں اثنا ء مساجد و امام بارگاہوں میں علمائے کرام، واعظین و ذاکرین نے مجالس عزا سے خطاب کرتے ہوئے سیرت امیر المومنین حضرت علی ؑ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور شب قدر کے اعمال بجا لائے۔