سٹا ر قومی فاسٹ بائولر سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں آرام کرینگے

بدھ 6 جون 2018 23:06

سٹا ر قومی فاسٹ بائولر سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں آرام کرینگے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران فاسٹ بالر محمد عامر کو ریسٹ دینے کا قوی امکان ہے ،قومی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ بائیں ہاتھ کے پیسر کو انجری کے علاوہ تھکاوٹ سے بچانے کیلئے کوشاں ہے اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی نئے پلیئرز کو آزمانے کے خواہش مند ہیں۔تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے وسط میں ایڈنبرا میں سکاٹ لینڈ کیخلاف ہونے والے دو ٹی ٹونٹی میچوں کے دوران قومی کرکٹ ٹیم اپنے فاسٹ بالر محمد عامر کے بغیر میدان سنبھالے گی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق فاسٹ بالر کو انجری اور تھکاوٹ سے بچانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ لارڈز میں چار وکٹیں لے کر فتح میں اپنا حصہ ڈالنے والے محمد عامر لیڈز میں کوئی نمایاں کارنامہ نہیں دکھا سکے تھے اور اسی میچ کے دوران ان کے کندھے میں تکلیف کا بھی انکشاف ہوا جس پر لیجنڈری فاسٹ بالر وسیم اکرم کی جانب سے بھی ان پر تنقید کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق محمد عامر کو سکاٹ لینڈ کیخلاف میچز کیلئے پندرہ رکنی سکواڈ میں شامل تو کیا گیا ہے لیکن قدرے کمزور سکاٹش ٹیم کے خلاف نئے اور نوجوان پلیئرز کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے کیونکہ قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر چاہتے ہیں کہ نوجوان کرکٹرز بھی انگلش کنڈیشنز سے آگاہی حاصل کریں اور امکان ہے کہ عثمان شنواری کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی کو سکاٹ لینڈ کے خلاف چانس ملے گا۔