الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والوں کیلئے نیا حلف نامہ جاری کر دیا

تمام امیدوار 11 جون تک حلف نامہ جمع کروانے کے پابند ہونگے،ترجمان الیکشن کمیشن

بدھ 6 جون 2018 23:08

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والوں کیلئے نیا حلف نامہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر حلف نامہ جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کا تیار کردہ حلف نامہ منظور کر لیااور تمام امیدوار 11 جون تک حلف نامہ جمع کروانے کے پابند ہونگے، ترجمان کے مطابق مقررہ تاریخ تک حلف نامہ جمع نہ کرانے والوں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے جائیں گے۔

حلف نامے کے حوالے دے تمام ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔ بیان حلفی میں ٹیکس، قرضوں، فوجداری مقدمات سے متعلق پیراگراف شامل کیاگیا ہے ،جس میں کسی بینک سے بیس لاکھ سے زائد کے قرضہ کی تفصیلات ۔کسی سرکاری و نجی ادارے کے بقایاجات کی تفصیلات درج کرنا ہونگی،غیر ملکی دوروں سے متعلق پیرا گراف بھی بیان حلفی میں شامل کیا گیا اور امیدوار کو چار سال کے دوران بیرونی دوروں کی تفصیلات فراہم کرنا ہونگی جبکہ دوہری شہریت یا غیر ملکی پاسپورٹ کے حامل امیدواروں کو اس سے متعلق تفصیلات درج کرنا ہونگی۔

(جاری ہے)

تعلیم قابلیت ۔پیشہ این ٹی این نمبر اور پاسپورٹ نمبر کا خانہ بھی بیان حلفی میں شامل کیا گیا ہے اس کے علاوہ بیان حلفی میں پیسہ دیکر ٹکٹ نہ لینے کا پیرا گراف بھی شامل کیا گیا ہے جس کے مطابق امیدوار کو الیکشن کے پارٹی سے فنڈ لینے یا پارٹی کو فنڈ دینے کی تفصیلات بھی درج کرنا ہونگی جبکہ قومی و صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے بیان حلفی جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔