صوبے کو درپیش مسائل کی وجہ ناکام طرز حکمرانی اور کرپشن ہے، لشکری ریئسانی

بے روزگاری کی شرح میں اضافے سے ہماری آئندہ نسلیں شدید متاثر ہونگی، بلوچستان کو درپیش مسائل کے حوالے سے پارٹی نے پالیسی بنائی ہے عوام نے پارٹی کو صوبے میں حکومت بنانے کا اختیار دیا تو بلوچستان کو درپیش بحرانوں کا خاتمہ کرینگے ، بیان

بدھ 6 جون 2018 23:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ میر حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ صوبے کو درپیش مسائل کی وجہ ناکام طرز حکمرانی اور کرپشن ہے ۔ بے روزگاری کی شرح میں اضافے سے ہماری آئندہ نسلیں شدید متاثر ہونگی۔ بلوچستان کو درپیش مسائل کے حوالے سے پارٹی نے پالیسی بنائی ہے عوام نے پارٹی کو صوبے میں حکومت بنانے کا اختیار دیا تو بلوچستان کو درپیش بحرانوں کا خاتمہ کرینگے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے مزید کہا کہ کئی سالوں سے جاری استحصال اور کرپشن کی وجہ صوبہ اس وقت بہت سے گھمبیر مسائل سے دوچار ہے۔ بلوچستان کے شمال سے جنوب تک پینے کے ساتھ ساتھ زرعی ضرورت کا پانی بھی ناپید ہوتا جارہا ہے جس سے صوبے میں ایک بہت بڑا بحران پیش آنے والا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبے میں جہاں تیزی سے پانی کم ہورہا ہے وہاں روزگار کے ذرائع بھی کم ہوتے جارہے ہیںجس سے ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباوطالبات کو بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑئیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے سنگین بحرانوں کو دیکھتے ہوئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تمام معاملات کے حل کیلئے صوبے کے سیاسی کارکن کو اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کی وجہ استحصال و جبر کا نظام ہے صوبائی اور قومی اسمبلی میں مسلط نااہل لوگوں کی ناکام طرز حکمرانی اور کرپشن کی وجہ سے صوبے کے بحرانوں میںروز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے صوبے کے معاملات کو بہتر بنانے کیلئے ہمیں سائنسی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے معیار زندگی بہتر بنانے والوں کی دور حکومت میں کوئٹہ شہر گوناگوں مسائل میں گھرا رہا صوبائی درالحکومت میں آج پینے کا پانی ناپید ٹریفک جام جیسے سنگین مسائل کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہر میں تفریح مقامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ صوبے بھر میں کوئی ایسا ہسپتال اپنا وجود نہیں رکھتی جو عصر حاضر کے تقاضوں کے برابر ہو۔

شہر میں قائم سرکاری ہسپتالوں پر افغان مہاجرین کی یلغار سے مقامی لوگوں کو علاج ومعالجہ کی سہولیات سے محروم ہیں انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی نے عوام کو درپیش مسائل پر اپنی پوری توجہ مرکوز کررکھی ہے عوام نے صوبے میں حکومت بنانے کا کا اختیار دیا توپارٹی صوبے کو سنگین بحرانوں سے نکالنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ ے گی ۔