کراچی،حکومت اور واٹر بورڈ نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی سے بھی محروم کر دیا ،محمد یوسف

واٹر بورڈ لائنوں میں پانی دینے کے بجائے ٹینکر مافیا کو پانی فروخت کر رہا ہے،غیر قانونی راٹرہائیڈرنٹس اور ٹینکر مافیا کی سرپرستی میں واٹر بورڈ کا عملہ وافسران اور حکومتی اہلکار ملوث ہے،جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی

بدھ 6 جون 2018 23:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت اور واٹر بورڈ نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی سے بھی محروم کر دیا ہے۔ واٹر بورڈ لائنوں میں پانی دینے کے بجائے ٹینکر مافیا کو پانی فروخت کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ نارتھ کراچی کے تحت پانی کی عدم فراہمی کے خلاف یوپی موڑ پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی و صدر پبلک ایڈ کمیٹی محمد احمد قاری، علی ارشد، فیصل جمیل اور عظیم انور نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’نارتھ کراچی کو پانی دو‘‘۔

(جاری ہے)

’’پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پانی چور‘‘۔ اور دیگر نعرے درج تھے۔ محمد یوسف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ واٹر بورڈ کے ستا ئے ہوئے لوگ پانی کی عدم دستیابی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، واٹر بورڈ کے ذمہ داروں پانی نہیں دو گے تو اس کے نتیجے میں احتجاج ہوگا۔

رہائشی آبادی کو پانی جیسی نعمت سے محروم رکھنا شرمناک عمل ہے۔ واٹر بورڈ انتظامیہ فی الفور رہائشی آبادی میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔نارتھ کراچی سمیت پورے کراچی میں شہری پینے کے پانی کو ترس گئے ہیں۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں 32 سال سے مل کر حکومت کررہے ہیںلیکن آج تک دونوںجماعتوںنے عوام کے مسائل حل نہیںکیے۔ایم کیو ایم نے واٹربورڈمیں 90 ملازمین بھرتی کیے اس کے باوجود شہریوں کے لیے پینے کے پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا جاسکا۔

انہوں نے کہا کہ ناتھ کراچی واٹر بورڈ کا ایکسیئن نا اہل ہے۔واٹر بورڈ کا عملہ رشوت لے کر پانی دیتا ہے۔ نارتھ کراچی میں شہریوں کو پانی کی سپلائی کے لیے پمپنگ اسٹیشن کے باوجود لائنوں میں پانی نہیں ملتا اور جن علاقوں میں پانی سپلائی کیا جاتا ہے وہاں گٹر کا بدبو دار پانی ملا ہوا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسیئن واٹر بورڈ صاف پانی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ،شکایات کرنے پر بھی شہریوں کو پانی نہیں ملتا۔

شہریوں کے حصے کے پانی کو ٹینکر مافیا کو فروخت کیا جارہا ہے اور ٹینکر مافیا من مانی قیمتوں کے عوض شہریوں کو پانی فروخت کررہی ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد احمد قاری نے کہا کہ شدید گرمی اور رمضان المبارک میں وضو کے لیے پانی دستیاب نہیں،شہریوں کو پانی جیسی نعمت سے محروم رکھنا شرمناک عمل ہے،واٹر بورڈ کا محکمہ بدعنوانی اور بھتہ خوری کا گڑھ بن چکا ہے، ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے رہائشی علاقوں میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے ،کئی کئی ہفتوں پانی فراہمی نہیں ہوتی،عوام مضر صحت پانی مہنگے داموں واٹر ٹینکر خرید نے پر مجبور ہیں عوام کو کس گناہوں کی سزادی جارہی ہے۔

غیر قانونی راٹرہائیڈرنٹس اور ٹینکر مافیا کی سرپرستی میں واٹر بورڈ کا عملہ وافسران اور حکومتی اہلکار ملوث ہے۔