Live Updates

عامر لیاقت کو بھی تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ ملنے کا امکان پیدا ہوگیا

عامر لیاقت صاحب کا ٹکٹ پارٹی قیادت نے رکھا ہوا ہے لیکن کچھ معاملات ابھی طے کرنے باقی ہیں،فیصل ووڈا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 6 جون 2018 23:55

عامر لیاقت کو بھی تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ ملنے کا امکان پیدا ہوگیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔-06 جون 2018ء) معروف اینکر و سابق وزیر عامر لیاقت کو بھی تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ ملنے کا امکان پیدا ہوگیا۔رہنما تحریک انصاف فیصل ووڈا کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت صاحب کا ٹکٹ پارٹی قیادت نے رکھا ہوا ہے لیکن کچھ معاملات ابھی طے کرنے باقی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سندھ سے قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے تحریک انصاف کے انتخابی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

شاہ محمود قریشی این اے 221 ، عارف علوی این 247 سے انتخابات لڑیں گے۔دوسری جانب علی زیدی این اے 244، لیاقت جتوئی این اے 234 سے تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔طاہر حسین این اے 206،مبین احمد این اے 207،محمد حکم 227,زولفقار شاہ 226,ملک پہاڑ خان 233,کریم جتوئی این اے235 ، سیف 245سے امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح صوبائی امیدواروں میں عمران اسماعیل پی ایس 111،حلیم عادل شیخ پی ایس 99شہریار شر پی ایس 18،افتخار احمد پی ایس 21،غلام عباس پی ایس 22 سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

اس کے علاوہ غلام شاہ مردان پی ایس 23 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کی حیثیت سے انتخابات لڑیں گے۔اس سارے معاملے میں پارٹی میں نئے نئے شامل ہونے والے عامر لیاقت کو نظر انداز کیا گیا تھا اور انہیں پارٹی کا ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا تھا جس پر عامر لیاقت پارٹی سے خاصے نالاں تھے اور انہوں نے تحریک انصاف کو خیر باد کہنے کا عندیہ بھی دے دیا تھا ۔

جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عامر لیاقت سے رابطہ کیا اور انہیں تمام معاملات کو احسن طریقے سے حل کروانے کی یقین دہانی بھی کروا دی اور ان سے کہا گیا کہ وہ جلدی میں کوئی قدم نہ اٹھا ئیں ۔تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق عامر لیاقت کو ٹکٹ ملنے کی امید پیدا ہو چکی ہے۔فیصل ووڈا کا کہنا تھا کہ عامرلیاقت کا ٹکٹ پارٹی قیادت نے رکھا ہوا ہے ۔

نجی ٹی کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے فیصل ووڈا کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کو ٹکٹ دیا جائے گا اور انکا ٹکٹ پارٹی قیادت کے پاس پڑا ہوا ہے تاہم اس حوالےسے کچھ معاملات ابھی حل طلب ہیں جن کے حل ہوتے ہی عامر لیاقت کو ٹکٹ جاری کر دیا جائے گا۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل عامر لیاقت کی جانب سے لائیو ٹی وی شو کے دوران فرقہ وارانہ کمنٹس پاس کرنے کے بعد انکی تحریک انصاف سے وابستگی خطرے میں پڑ گئی تھی۔پارٹی قیادت کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات ووٹ بینک کو متاثر کر سکتے ہیں ۔عامر لیاقت کو ٹکٹ جاری نہ کرنے کی بھی یہی وجہ بتائی جا رہی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات