عراقی پارلیمان کا عام انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم

جمعرات 7 جون 2018 10:20

بغداد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) عراق کی پارلیمان نے 12 مئی کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی منظوری دے کر الیکٹورل کمیشن کو منجمد کردیا ہے۔انکی جگہ اب نو ججوں پر مشتمل کمشن گنتی کے عمل کی نگرانی کرے گا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق گزشتہ روزعراقی پارلیمان کے 382 میں سے 173 ارکان نے عام انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

اس کے تحت مشین کے ذریعے ڈالے گئے 25 فیصد ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوگی۔پارلیمان نے گنتی کے عمل میں بڑے پیمانے بے ضابطگیوں کی شکایات کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔عراقی حکومت نے الیکٹورل کمیشن کے ارکان پر بیرون ملک جانے پر بھی پابندی عائد کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ انتخابات میں دھندلیکی تحقیقات تک بیرون ملک نہیں جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پارلیمان نے حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ان اقدامات سے نئی حکومت کی تشکیل کے عمل کو تقویت ملے گی اور ملک میں استحکام آئے گا۔واضح رہے کہ عراقی پارلیمان انتخابات میں مذہبی رہنماء مقتدیٰ الصدر کی قیادت میں سائرون اتحاد نے سب سے زیادہ 54 نشستیں اورفتح اتحاد 47 نشستیں اور وزیراعظم حیدر العبادی کی قیادت میں نصر اتحاد نے 42 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔