سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں، مصری صدر

جمعرات 7 جون 2018 10:20

قاہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے سعودی عرب کے ساتھ خصوصی اور تزویراتی تعلقات استوار ہیں اور وہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق انھوں نے یہ بات قاہرہ میں سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے افریقی امور احمد القطان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔

اس موقع پر مصری وزیر خارجہ سامح شکری اور انٹیلی جنس سروس کے قائم مقام سربراہ عباس کامل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر السیسی نے کہا کہ مصر سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور مختلف علاقائی امور کے بارے میں سعودی عرب سے مشاورت اور روابط کو جاری رکھنا چاہتا ہے تاکہ عرب اور اسلامی اقوام کو درپیش چیلنجز سے ان کے عوام کے مفاد میں نمٹا جاسکے۔مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے بتایا ہے کہ سعودی وزیر مملکت نے صدر السیسی کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کے حوالے سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ہے۔