دریائے دجلہ میں پانی کی کمی ظاہر کرنے والی تصاویر جعلی ہیں،عراقی وزیر اعظم

جمعرات 7 جون 2018 10:20

بغداد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کا کہنا ہے کہ دریائے دجلہ میں پانی کی شدید کمی کے حوالے سے عراقیوں کو خوف زدہ کرنے کی مہم سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق میڈیا اور سوشل میڈیا میں کئی تصاویر اور وڈیوز سامنے آئی ہیں جو دجلہ میں پانی کی سطح میں کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے دریائے دجلہ کی پھیلائی جانے والی تصاویر جعلی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عراق کو ترکی کے اس فیصلے پر حیرانی ہوئی ہے کہ اس نے طے پائے گئے وقت سے قبل الیسو ڈیم کے ٹینکوں کو بھرنے کا آغاز کر دیا۔دوسری جانب ترکی نے تصدیق کی ہے کہ العبادی کو ڈیم سے کام شروع ہونے کی تاریخ کا علم تھا۔ بغداد میں ترکی کے سفیر فاتح یلد کا کہنا ہے کہ ان کے ملک نے الیسو ڈیم کی تعمیر کی منصوبہ بندی کئی برس پہلے کی تھی اور اس طرح کے اقدامات پڑوسی ممالک سے مشاورت کے بغیر عمل میں نہیں آتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عراقی وزیراعظم 2017 میں جب ترکی آئے تھے تو ان کو اس بات سے آگاہ کر دیا گیا تھا کہ ہم نے اس ڈیم کی تعمیر مکمل کر لی ہے اور اس کو بھرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ فاتح یلد کا کہنا تھا کہ ٹینک کو بھرنے کے حوالے سے ایسی کوئی بات نہیں جو عراقیوں کے لیے خوف کا باعث ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ پڑوسی ریاست کو پانی کی وافر مقدار فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔