برازیلین ٹیم نیمار کی موجودگی میں اور بھی مضبوط ہوگئی، ورلڈ کپ جیت سکتی ہے، پیلے

جمعرات 7 جون 2018 10:30

ریو ڈی جنیرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) لیجنڈ برازیلین فٹ بالر پیلے نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم سٹار فٹ بالر نیمار کی موجودگی میں اور بھی مضبوط ہوگئی ہے اور اب اس کے پاس عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جیتنے کو اچھا موقع ہے ۔

(جاری ہے)

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں پیلے نے کہا کہ کچھ دن قبل نیمار کے انجرڈ ہونے کی خبریں چل رہیں تھی، انہوں نے کہا کہ نیمار کا زخمی ہونا 1962ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں چیکو سلواکیہ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں میرے زخمی ہونے جیسا ہے، فٹنس مسائل کے باعث میں ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا تھا لیکن اب نیمار کے فٹ ہونے کے بعد ٹیم میں شمولیت سے برازیل ٹیم مزید مضبوط ہوگئی ہے اور ٹیم رواں میگا ایونٹ جیت سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں نیمار کی موجودگی برازیل کے حق میں مثبت ثابت ہو گی تاہم ٹیم کو عالمی چیمپئن بننے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔ واضح رہے کہ برازیل ٹیم میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز 17 جون کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ سے کریگی ۔ برازیل کی ٹیم کو گروپ ای میں سوئٹزرلینڈ، کوسٹاریکا اور سربیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :