آرمی چیف سے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا رابطہ،

تعلقات میں بہتری سمیت مختلف امور پر بات چیت

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 7 جون 2018 10:38

آرمی چیف سے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا رابطہ،
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جون۔2018ء) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے پاک امریکا تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان میں سیاسی مفاہمت کی ضرورت اور جنوبی ایشیا میں بلاتفریق تمام دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مائک پومپے نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر بات کی۔ جس میں انہوں نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری لانے کے طریقہِ کار افغانستان میں سیاسی اتفاقِ رائے کی اہمیت اور جنوبی ایشیا میں تمام دہشتگرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی پر غور کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات رواں برس کے آغاز سے ہی کشیدگی کا شکار ہیں، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا'۔اس کے بعد امریکا نے پاکستان کی امداد بند کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانا شروع کردیے۔امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا۔جبکہ پاکستان ان تمام الزامات کی تردید کرتا ہے۔