کاشتکارسورج مکھی کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات یقینی بنائیں،زرعی ماہرین

جمعرات 7 جون 2018 11:22

قصور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) ماہرین زراعت نے سورج مکھی کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سورج مکھی کی بہترپیداوارکے حصول کیلئے اسے مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں کیونکہ موسم گرما کی شدت کے باعث سورج مکھی کی فصل پر بیماریوں کا حملہ ہوسکتاہے جس سے پتوں کے جھلسائوکے باعث عمل زیرگی رک جاتاہے اور پیداوار بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پتوں کے جھلسائوکی بیماری کیوجہ سے پتوں پر گہرے خاکی اور سیاہ رنگ کے دھبے نمودار ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور دھبوں سے اردگردکا حصہ بھی خشک ہوجاتاہے جس کے بعد یہ پتے گرجاتے ہیں۔ا نہوں نے بتایا کہ جڑاورتنے کی سڑن کی بیماری پودے کے تنے کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں جس سے تنے کا نچلا حصہ سوکھ جاتاہے اور سورج مکھی کے پھول بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی فصل پرکڑی نظررکھنے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ بیماری یا کسی کیڑے کا حملہ ہوتے ہی اس کے تدارک کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنایاجاسکے۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :