زندگی کے 11 سال جیل میں گزارنے والے سینئیر سیاست دان رسول بخش پلیجو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

رسول بخش پلیجو عوامی تحریک کے بانی تھے،انہوں نے سندھ میں پہلی بار خواتین کو سیاست میں منظم کیا

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان جمعرات جون 11:36

زندگی کے 11 سال جیل میں گزارنے والے سینئیر سیاست دان  رسول بخش پلیجو ..
سندھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07 جون 2018ء) سینئیر سیاست دان بانی رسول بخش پلیجو طویل علالت  کے بعد انتقال کر گئے۔ عوامی تحریک کے بانی رسول بخش پلیجو کو دل اور سینے میں تکلیف تھی۔تفصیلات کے مطابق سیاسی میدان میں طویل عرصے تک کھیلنے والے رسول بخش پلیجو انتقال کر گئے ہیں۔ رسول بخش پلیجو طویل عرصے سے علیل تھے۔ رسول بخش پلیجو کو سانس،دل اور سینے میں تکلیف کی شکایت تھی۔

رسول بخش پلیجو کلفٹن میں ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا علاج جاری تھا۔تاہم طویل علالت کے بعد آج رسول بخش پلیجو دنیا سے رخصت ہو گئے۔ترجمان عوامی تحریک کے مطابق رسول بخش پلیجو کی میت کو تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقے جنگ شاہی لے جایا جائے گا، رسول بخش پلیجو کی نماز جنازہ اور تدفین جمعے کو ہوگی۔

(جاری ہے)

سیاسی و سماجی شخصیات نے رسول بخش پلیجو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اور کہا کہ رسول بخش پلیجو نے سیاست میں بے شمار خدمات سر انجام دی ہیں۔یاد رہے کہ رسول بخش پلیجو 21فروری 1930ء کو جنگ شاہی ٹھٹہ میں پیدا ہوئے تھے۔رسول بخش پلیجو نے اپنی ابتدائی تعلیم آبائی علاقے میں ہی حاصل کی۔سیکنڈری تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام کراچی سے حاصل کی، بعدازاں انہوں نے سندھ لاء کالج سے گریجویشن کی اور سپریم کورٹ میں وکیل کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں۔

رسول بخش پلیجو نے ون یونٹ کے خاتمے اور بحال جمہوریت تحریک میں بہترین کردار ادا کیا۔رسول بخش ایسے سیاست دان تھے جنھوں نے سندھ میں پہلی بار خواتین کو بھی سیاست میں منظم کیا،انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کے قریبا 11 سال جیلوں میں گزارے،کوٹ لکھپت جیل میں قید کے دوران انہوں نے ایک ڈائری بھی لکھی۔ جو سندھی زبان میں بہت مقبول کتاب رہی۔جب کہ انہوں نے سندھی زبان میں 26 کتابیں بھی لکھی ہیں۔