کراچی، کورنگی میں مقابلہ

ایک رینجرزاہلکار شہیدجبکہ دوزخمی ہوگئے رینجرز نے مقابلے کے بعد بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر شفیق عرف کالااور اس کے دوساتھیوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا

جمعرات جون 12:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) کراچی کے علاقے کورنگی میں رینجرز نے مقابلے کے بعد بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر شفیق عرف کالااور اس کے دوساتھیوں کو گرفتار کرلیاگیاہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک رینجرز اہلکار شہید اور دوزخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق رینجرز کی جانب سے کراچی کے علاقے کورنگی الیاس گوٹھ میں خطرناک ٹارگٹ کلر شفیق عرف کالاکی اطلاع پر کارروائی کی گئی اس دوران دہشت گردوں نے رینجرزاہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے ایک اہلکار شہید اور دو شدید زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں تین دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیاگیا۔

ترجمان رینجرزکے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی الیاس گوٹھ میں ٹارگٹ کلر شفیق کالا اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی اس موقع پر ملزمان نے رینجرز کی ریکی پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی اور فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز حوالدار الیاس شہید جبکہ سپاہی ابراہیم اور امیر زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق زخمی رینجرز اہلکاروں کو سی ایم ایچ ملیر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ٹارگٹ کلر شفیق کالا اور اس کے ساتھی علیم الدین کو گرفتارکرلیاگیاہے جبکہ رینجرز پر فائرنگ کرنے والا ملزم شہباز عرف اسامہ کوبھی زخمی حالت میں حناح اسپتال سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم شفیق عرف کالا پولیس کو انتہائی مطلوب افراد میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے جس کے خلاف تھانہ زمان ٹائون میں قتل،، اقدام قتل،، ڈکیتی،، جلا گھیرا سمیت دیگر نوعیت کے 24 مقدمات درج ہیں۔ دوسرا گرفتار ملزم علیم الدین ملزم شفیق کالا کا قریبی ساتھی ہے۔ ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی، رینجرز اور پولیس کا علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔