سعودی عرب،امارت کے درمیان مشترکہ تعاون کے 20 معاہدے طے پا گئے

منصوبوں کی منظوری سعودی عرب اور یو اے ای کی کوآرڈی نیشن کونسل کے پہلے اجلاس میں دی گئی

جمعرات 7 جون 2018 13:33

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے دونوں ملکوں کی مشترکہ معاشی، ترقیاتی اور عسکری سوچ کے مظہر 44 سٹرٹیجک منصوبوں کی منظوری دے دی ۔عرب ٹی وی کے مطابق ان منصوبوں کی منظوری جدہ میں سعودی عرب اور یو اے ای کی کوآرڈی نیشن کونسل کے پہلے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کی۔

اجلاس میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کوارڈی نیش کونسل کے تنظیمی ڈھانچے کا اعلان کیا گیا۔ اس کونسل کا مقصد اہدافی منصوبوں اور پروگرامات پر عمل درآمد کی رفتار اور تعاون کو تیز کرنا ہے۔کونسل کے اہداف میں عالمی سطح پر دونوں ملکوں کی معیشت، انسانی ترقی، سیاسی، سیکیورٹی اور عسکری تعاون کے انڈیکس کو بڑھاوا دینا شامل ہے۔

(جاری ہے)

نیز دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح وبہبود اور مسرت کا حصول بھی کونسل کے مقاصد میں شامل ہے۔

اجلاس کے اختتام پر شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ ہم تاریخ کے غیر معمولی دوراہے پر کھڑے ہیں جہاں ہمارے پاس عرب تعاون کا ایک انتہائی اہم نمونہ پیش کرنے کا موقع ہے۔ دونوں ملکوں کا استحکام اور اتحاد دراصل ہمارے مفادات کے تحفظ کا ضامن ہے۔ اس سے ہماری معیشت مضبوط ہو گی جس سے دونوں ملکوں کے عوام کا مستقبل بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔