کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ میں ایک سال سے بھی کم کا عرصہ رہ گیا ،ْ نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ مستعفی

ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ آخری سیریز اکتوبر میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلے گی

جمعرات 7 جون 2018 13:55

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ میں ایک سال سے بھی کم کا عرصہ رہ گیا اور اس سے قبل نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے اچانک عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس کے دوران بطور ہیڈ کوچ کیویز ٹیم کے عہدے سے سبکدوشی کا اعلان کیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مائیک ہیسن اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں جس پر انہوں نے عہدے سے استعفیٰ دیا۔

کیویز بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ مائیک ہیسن سے رابطہ کیا گیا اور انہیں مئی 2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ تک ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر قائل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ اپنا فیصلہ کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ آخری سیریز اکتوبر میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلے گی، اس سے قبل بورڈ نے نئے کوچ کی تلاش شروع کردی۔

مائیک ہیسن نے 6 سال تک نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دئیے جس کے دوران کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کیویز ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ مائیک ہیسن کی کوچنگ کے عرصے کے دوران کیویز ٹیم نے 21 ٹیسٹ جیتے اور 21 میں ہی ناکام ہوئی، اسی طرح ایک 65 ایک روزہ میچز میں فاتح اور 46 میں ناکام ہوئی۔کیویز ٹیم نے مائیک ہیسن کی کوچنگ میں کھیلے گئے 56 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 30 میں کامیابی اور 26 میں ناکامی کا سامنا رہا۔