عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بڑے آبی ذخائر کی تعمیر ترجیح ہو گی ‘ مسلم لیگ(ن) ٹریڈرز ونگ

جمعرات 7 جون 2018 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بڑے آبی ذخائر کی تعمیر ترجیح ہو گی ،سابقہ ادوار میں دیا میر بھاشا ڈیم کے نام پر عوام سے دھوکہ کیا گیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس کی تعمیر کی جانب عملی قدم اٹھاتے ہوئے لینڈ ایکوائر کرنے کیلئے 100ارب روپے مختص کئے ۔

ان خیالات کا اظہار ٹریڈرزونگ لاہور کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی صرف زراعت ہی نہیں بلکہ انڈسٹری کیلئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسی لئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے آئندہ حکومت میں آنے کے بعد بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کو ترجیح دینے اور اپنے منشورمیں شامل کرنے کا پیشگی اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ جس طرح توانائی کے منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے پورا کیا گیا ہے اسی طرح دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر بھی مقررہ وقت سے پہلے مکمل کی جائے گی جس سے نہ صرف زراعت کیلئے پانی میسر آئے گا بلکہ اس سے عوام کو مزید سستی بجلی بھی میسر آئے گی۔ میاں عثمان نے کہا کہ انشا اللہ وہ دن بھی آئے گا جب پاکستان اپنی ضروریات پوری کرنے کے بعد وافر بجلی دوسرے ممالک کو فروخت کرنے کے قابل ہو سکے گااور یہ کارنامہ بھی مسلم لیگ کے دور حکومت میں سر انجام پائے گا ۔