بھارتی فوج نے سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میںشہید کر کے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے، سید علی گیلانی

بھارت نے کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر بھی دستخط کر رکھے ہیں لیکن اب وہ ان قراردادوں سے مکر چکا ہے اور فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کو زیر کرنے کی کوشش کر رہاہے

جمعرات 7 جون 2018 14:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے قابض پلوامہ اور کولگام کے دوجوانوں مدثر احمد اور شیراز احمد سمیت پانچ نوجوانوںکو ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کرنے کی بھارتی فوج کی کارروائی کو انتہائی بہیمانہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ قابض فوج نے مقبوضہ علاقے میں اسطرح کی سینکڑوں کارروائیاں کر کے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے شہید شیراز احمد شیخ کی نماز جنازہ کے شرکا سے کولگام میں ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش اور انکے اہلخانہ کیساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف 1947سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیںجبکہ بھارت انکے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے قتل وغارت ، لوٹ مار اور غیر قانونی نظر بندیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت نے کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر بھی دستخط کر رکھے ہیں لیکن اب وہ ان قراردادوں سے مکر چکا ہے اور فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کو زیر کرنے کی کوشش کر رہاہے۔سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف اس وقت اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوان اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بھارت نواز رہنمائوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ووٹ حاصل کرنے کے بعد بھارت کے جبر قبضے کو دوام بخشنے کا کام انجام دیتے ہیںلہذا کشمیریوں کو چاہیے کہ وہ نام نہاد انتخابی ڈراموں سے خود کو بالکل الگ رکھ کر ان لوگوں کا مکمل بائیکاٹ کریں ۔

سید علی گیلانی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ نہاد نہاد انتخابی ڈراموں کے مکمل بائیکاٹ کے حوالے سے ایک باقاعدمہم چلائیں۔ انہوںنے کشمیریوں خاص طور پر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔ سید علی گیلانی نے حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری پر مسلسل چوتھی بار کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں جموںخطے کی کوٹ بلوال جیل میں منتقلی کو ایک انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی ۔

انہوںنے اسی سالہ معمر شخص محمد سبحان وانی کی کالے قانون پی ایس اے کے تحت کوٹ بلوال جیل جبکہ تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی، محمد اشرف لایہ اور بلال صدیقی کی گھروں میں مسلسل غیر قانونی نظر بند ی کی بھی شدید مذمت کی ۔ دریں اثنا سید علی گیلانی اور محمد اشرف صحرائی نے ایک مشترکہ بیان میں تحریک حریت کے کارکن ارشد احمد پنچابی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔