سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کو بڑی خوشخبری سنا دی

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی مشروط اجازت دے دی،پرویز مشرف میرے سامنے پیش ہوجائیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائےگا،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ریمارکس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 7 جون 2018 14:09

سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کو بڑی خوشخبری سنا دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07 جون 2018ء) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کو انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی مشروط اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع اور وصول کرانے کاسلسلہ جاری ہے۔سپریم کورٹ میں مشرف نا اہلی کیس کی سماعت ہوئی۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے پرویز مشرف کے وکیل سے کہا کہ آپ کے کیس کو سنیں گے، اپنے مؤکل کو کہیں 13 جون کو لاہور آجائیں۔ دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف میرے سامنے پیش ہوجائیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائےگا۔ہم حکم دےدیں گے پرویز مشرف کو عدالت پہنچنےتک گرفتار نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت میں پرویز مشرف کے وکیل کا کہنا تھا کہ مؤکل کے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا معاملہ ہے۔

تو چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہم نےسادہ حکم دیا ہے کہ پرویز مشرف لاہور میں تشریف لے آئیں۔ریٹرننگ افسر کو کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا کہہ دیں گے۔درخواست کےحتمی فیصلے سے ان کا انتخاب لڑنا مشروط ہوگا۔جسٹس ثاقب نثار نے سابق صدر کے وکیل سے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان آجائیں تو کیس کی تفصیلاً سماعت کی جائے گی۔ جب کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر)سید پرویز مشرف نے عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے ، حتمی تاریخ کا اعلان نااہلی کے خلاف اپیل میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہو گا۔