مقبوضہ کشمیر، جمعتہ الوداع کو حسب روایت یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منایا جائے گا، مشترکہ مزاحمتی قیادت

جمعرات 7 جون 2018 14:31

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کہا ہے کہ اس بار بھی جمعتہ الوداع کو حسب روایت یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منایا جائے گا ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس نے جمعتہ الوداع کے حوالے سے ایک قرار داد مرتب کر لی ہے جو اس روز مقبوضہ علاقے کی تمام مساجد ، خانقاہوںاورامام بارگاہوں میں ہونے والے نماز جمعہ کے اجتماعات میں پیش کر کے عوام الناس سے اسکی تائید حاصل کی جائے گی۔

مشترکہ قیادت نے قرار داد میں جو نکات پیش کیے ہیں وہ یہ ہیں ،یہ اجتماع فلسطین ، اور کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم اور ان دونوں دیرینہ تنازعات کے حل کے تئیں عالمی برادری کی عدم توجہی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ ان دونوں تنازعات کو ان کے تاریخی تناظر میں حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ،یہ اجتماع قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیتا ہے کہ وہ قبلہ اول کی بازیابی اور فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کو بند کرانے کیلئے آگے آئے،یہ اجتماع مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت اور پاکستان کی سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے خلوص، سنجیدگی اور سیاسی جرأتمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بامعنی اقدامات کا آغاز کرے۔

(جاری ہے)

یہ اجتماع مقبوضہ کشمیر میں پر مار دھاڑ ، گرفتاریوں، ہراسانیوں قدغنوں ، بندشوں، مزاحتمی قیادت کی نظر بندوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے جبر و استبداد کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔یہ اجتماع حالیہ ایام میں شہید ہونے والے نوجوانوںسمیت تمام شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اعلان کرتا ہے کہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا،یہ اجتماع جموںوکشمیر اور بھارت کی مختلف ریاستوں کی جیلوں میں سالہا سال سے نظر بند کشمیریوںکے ساتھ روا رکھے جارہے غیر انسانی سلوک ،نظر بندیوں کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دینے اور مزاحمتی کارکنوں کو جھوٹے اور بے بنیاد کیسوں میں ملوث کرنے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے نظربندوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کر تا ہے ۔

یہ اجتماع مقبوضہ کشمیر میں جاری حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیتا ہے کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں ۔