Live Updates

آئندہ عام انتخابات 2018 ء کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں ایک دن باقی رہ گیا

جمعرات 7 جون 2018 14:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) آئندہ عام انتخابات 2018 ء کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں ایک دن باقی رہ گیا ہے۔ ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کے سلسلے میں جوش و خروش میں اضافہ ہو گیا ہے۔ جمعہ کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جوش و خروش دیدنی ہوگا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ترمیم شدہ جاری شیڈول کے تحت چوتھے روز بھی ریٹرننگ افسران سے مختلف امیدواروں اور ان کے نمائندوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بعض حلقوں میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کاسلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، مریم نواز شریف سمیت دیگر اہم رہنمائوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمعہ کو جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔

مختلف علاقوں سے ریٹرننگ افسران سے خواجہ سرائوں کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کئے گئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جون مقرر کی گئی ہے جس کے بعد 14 جون تک ان کی جانچ پڑتال کی جائے گی ۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 19 جون تک دائر ہوں گی۔ ایپلٹ ٹربیونل کی جانب سے یہ اپیلیں 26 جون تک نمٹائیں جائیں گی جس کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 27جون کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی 28 جون کو واپس لئے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشان 29 جون کو الاٹ کئے جائیں گے اور پولنگ 25 جولائی کو ہو گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات