مری کے دکانداروں کی عقل ٹھکانے آ گئی

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں سیاحوں کی منتیں کرنے لگے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 7 جون 2018 14:21

مری کے دکانداروں کی عقل ٹھکانے آ گئی
مری (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جون 2018ء) : مری میں سیاحوں پر تشدد کرنے اور انہیں ہراساں کیے جانے کے پے در پے واقعات پر سوشل میڈیا پر مری بائیکاٹ مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔ جس کے بعد خوفزدہ سیاحوں نے سیر و تفریح کے لیے مری کی بجائے دیگر تفریحی مقامات کو ترجیح دینا شروع کر دی۔ مری بائیکاٹ مہم کے تحت کئی ریلیاں بھی نکالی گئیں جن میں شریک لوگوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا کہ مری میں ہم اور ہمارے بچے محفوظ نہیں ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو عزت دو کے پلے کارڈز بھی دیکھنے میں آئے۔ مری کے دکانداروں سے متعلق بھی رپورٹس سامنے آئیں کہ مری کے دکانداروں نے قیمتوں میں خوفناک حد تک اضافہ کر رکھا ہے جو سیاحوں کی جانب سے مری کا بائیکاٹ کرنے کی دوسری وجہ بنی۔

(جاری ہے)

تاہم اب سوشل میڈیا پر مری کے ایک دکاندار کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ دکاندار سیاحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہا ہےکہ خدارا مری آجائیں، ہمارے پاس کوئی گاہک نہیں آتا ، ہم نے دکانوں کے کرائے بھی دینے ہیں، کوئی آمدن نہیں ہے اور دکانوں کے کرائے دینا مشکل ہوگیا ہے۔

اس ویڈیو میں جون کے مہینے میں مری کی سنسان مارکیٹ کے مناظر دکھائے گئے ہیں، اور کہا گیا ہے کہ گذشتہ برس ان دنوں میں اس مارکیٹ میں پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں ہوتی تھی لیکن اس سال یہاں پر سناٹا موجود ہیں اور کوئی گاہک دکھائی نہیں دیتا۔ ویڈیو بنانے والے نے بتایا کہ بازار جی یہ حالت دیکھ کر یہاں سارے دکاندار پریشان بیٹھے ہیں۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مری میں دکانداروں کی عقل ٹھکانے آ گئی ہے، وہی دکاندار جو ہر چیز کی منہ مانگی قیمت وصول کرتے تھے، اور کسی کی ایک نہیں سنتے تھے اب وہی دکاندار سیاحوں کی منتیں کرنے پر اُتر آئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

متعلقہ عنوان :