گل بخاری کے اغوا پر برطانوی ہائی کمیشن کو تشویش

برطانوی دفتر خارجہ میں وزیرمملکت برائے ایشیا مارک فیلڈ کا 52 سالہ گل بخاری کی بحفاظت واپسی پر اطمینان کا اظہار

جمعرات 7 جون 2018 14:37

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) پاکستان میںب برطانوی ہائی کمیشن نے صحافی اور سماجی کارکن گل بخاری کے اغوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تک قونصلر رسائی کی کوشش کی جارہی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ اور پاکستان کی دوہری شہریت رکھنے والی صحافی گل بخاری کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ سماجی کارکن گل بخاری کو 5 جون کو اغوا کیا گیا تھا تاہم ان کے اہلِ خانہ نے تصدیق کی کہ سماجی کارکن گزشتہ رات بحفاظت واپس گھر پہنچ گئیں۔برٹش ہائی کمیشن نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ گل بخاری کے گزشتہ روز اغوا پر ہمیں تشویش ہے۔انہوںنے کہاکہ گل بخاری پاکستان اور برطانیہ کی دوہری شہریت رکھتی ہیں اور برٹش کمیشن قونصلر رسائی کے ذریعے ان تک پہنچ رہا ہے۔دوسری جانب برطانیہ کی پارلیمنٹ کے رکن اور برطانوی دفتر خارجہ میں وزیرمملکت برائے ایشیا مارک فیلڈ نے 52 سالہ گل بخاری کی بحفاظت واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا اور برطانوی حکومت کے اظہار آزادی کے عزم کو دہرایا۔