پاکستان جنوبی ایشیا میں تمام دہشتگرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرے،امریکہ

جمعرات 7 جون 2018 14:38

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائک پومپے نے ایک مرتبہ پھر پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں تمام دہشتگرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ امریکی وزیرِ خارجہ مائک پومپے نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر بات کی۔

جس میں انھوں نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری لانے کے طریقہِ کار، افغانستان میں سیاسی اتفاقِ رائے کی اہمیت کے بارے میں بات چیت کی اور جنوبی ایشیا میں تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اعلیٰ سطحی بات جیت ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب گذشتہ ماہ ایک دوسرے کے سفارتکاروں پر سفری پابندیوں کے سبب امریکہ اور پاکستان کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔

مائک پومپے نے حال ہی میں امریکی رکن پارلیمان کو بتایا کہ پاکستان میں امریکی سفارتکاروں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا۔اس سے پہلے امریکہ نے پاکستان کو دی جانے فوجی امداد روکنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ نے الزام لگایا کہ پاکستان انتہا پنسدوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کر رہا ہے جبکہ پاکستان ان تمام الزامات کو مسترد کرتا ہے۔سال 2018 کا آغاز ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹیوٹ کے ذریعے کہا تھا کہ پاکستان امریکی سیاستدانوں کو بیوقف بناتا آیا ہے اور امریکہ نے انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کو اربوں ڈالر کی امداد دی ہے۔ اور پاکستان انہی انتہا پسندوں کو محفوظ پنہاہ گاہیں مہیا کر رہا ہے۔