سعودی عرب کے ساتھ خصوصی نوعیت کے تزویری تعلقات استوار ہیں، مصری صدر

سعودی وزیر مملکت نے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کے حوالے سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ،مصری ایوان صدر

جمعرات 7 جون 2018 14:38

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے سعودی عرب کے ساتھ خصوصی اور تزویری تعلقات استوار ہیں اور وہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق انھوں نے یہ بات قاہرہ میں سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے افریقی امور احمد القطان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر مصری وزیر خارجہ سامح شکری اور انٹیلی جنس سروس کے قائم مقام سربراہ عباس کامل بھی موجود تھے۔صدر السیسی نے کہا کہ مصر سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور مختلف علاقائی امور کے بارے میں سعودی عرب سے مشاورت اور روابط کو جاری رکھنا چاہتا ہے تاکہ عرب اور اسلامی اقوام کو درپیش چیلنجز سے ان کے عوام کے مفاد میں نمٹا جاسکے۔

(جاری ہے)

مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے بتایا کہ سعودی وزیر مملکت نے صدر السیسی کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کے حوالے سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ہے۔صدر السیسی نے بھی جواب میں خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی اہمیت کے حامل خصوصی تعلقات پر زور دیا ہے۔

مصری ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور بالخصوص افریقی ممالک کیساتھ سہ فریقی تعاون اور شراکت کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے تاکہ مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے وسائل اور صلاحیتوں کو بہتر انداز میں بروئے کار لایا جاسکے۔