بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ کا اعلان کردیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 7 جون 2018 14:32

بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ کا اعلان کردیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جون 2018ء) : نگران حکومت کی آخری تقرری بھی کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علاؤ الدین مری کو بلوچستان کا وزیر اعلیٰ مقرر کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق علاؤ الدین مری بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ علاؤ الدین مری کا نام بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ کے لیے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں تجویز کیا گیا تھا جس پر سب کا اتفاق ہو گیا۔

نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے الیکشن کمیشن کا خصوصی اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں منعقد ہوا تھا جس کے بعد نام کا اعلان کیا گیا۔ علاؤالدین مری ایک کاروباری اور سماجی شخصیت ہیں وہ 28 فروری 1979 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم تعمیر نو پبلک اسکول میں حاصل کی جس کے بعد ایف ایس سی بھی تعمیر نو کالج سے جب کہ گریجویشن بلوچستان یونیورسٹی سے کیا۔

میر علاؤالدین مری سابق بیوروکریٹ غلام محی الدین مری کے صاحبزادے ہیں۔ علاؤالدین مری بنیادی طور پرکاروباری شخصیت ہیں۔ کاروباری شعبہ میں وسیع تجربہ رکھنے کے باعث 2012ء تا 2014ء تک چیئرمین پاکستان یورپین بزنس کونسل ایف پی سی سی آئی کے عہدے پر رہے۔ میر علاؤالدین مری کی کسی سیاسی جماعت سے کوئی وابستگی نہیں ہے۔میر علاؤالدین بلوچستان میں حالیہ سینٹ انتخابات میں بھی آزاد حیثیت سے کھڑے ہوئے تھے لیکن بعد ازاں انہوں نے  اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔