کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے انتہائی ضروری ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم اور مسلم ہینڈز کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 7 جون 2018 14:47

کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے انتہائی ضروری ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم اور مسلم ہینڈز کے عہدیداران سے ایوان صدر میں ملاقات میں کہی۔

(جاری ہے)

صدرمملکت نے کہا کہ سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ان بچوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انھوں نے توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری رہے گا۔ انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی میدان میں اٴْتریں جیت اور وطن کا نام اونچا کرنے کا جذبہ دل میں موجزن رکھیں۔صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے مواقع کے حصول پر ہر بچے کا حق ہے، جو افراد اور ادارے اس مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر صدر مملکت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تمام کھلاڑیوں کو نقد انعام بھی دیا۔