الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اور بلوچستان کے نگران وزرائے اعلیٰ کے تقرر کے ساتھ ہی مرکز اور چاروں صوبوں میں نگران وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہو گیا

جمعرات 7 جون 2018 15:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعرات کو پنجاب اور بلوچستان کے نگران وزرائے اعلیٰ کے تقرر کے ساتھ ہی مرکز اور چاروں صوبوں میں نگران وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

مرکز اور سندھ میں نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی تقرری کا معاملہ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی سطح پر ہی حل ہو گیا تھا تاہم پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں وزرائے اعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کے بعد پارلیمانی کمیٹی میں بھی اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد ان صوبوں کے سپیکرز نے نام الیکشن کمیشن کو بھجوائے ۔

جہاں پر الیکشن کمیشن نے اتفاق رائے سے نگران وزرائے اعلیٰ کی تقرری کردی۔ پنجاب سے تحریک انصاف کی جانب سے بھجوائے نام حسن عسکری رضوی ، خیبر پختونخوا سے اپوزیشن کی جانب سے بھجوائے گئے نام جسٹس (ر) دوست محمد اور بلوچستان سے حکومت کی جانب سے بھجوائے گئے نام علائو الدین مری کا تقرر کیا گیا ۔ مرکز میں کابینہ نے بھی حلف اٹھا لیا ہے، سندھ اور خیبرپختونخوا میں وزرائے اعلیٰ نے حلف اٹھا لیا ہے تاہم ان صوبوں میں ابھی تک کابینہ نہیں بن سکی۔