پروفیسر حسن عسکری پنجاب جبکہ علاﺅ الدین مری بلوچستان کے نگراں وزیر اعلیٰ مقرر

بدقسمتی ہے کہ جس شخص نے ایک سکول نہیں چلایا وہ صوبہ چلائے گا۔رانا ثناءاللہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 7 جون 2018 15:30

پروفیسر حسن عسکری پنجاب جبکہ علاﺅ الدین مری بلوچستان کے نگراں وزیر ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 جون۔2018ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب کے لیے پروفیسر حسن عسکری جبکہ بلوچستان کے لیے علاﺅ الدین مری کو نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کردیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب اوربلوچستان کے لیے نگران وزراءاعلی کے ناموں پر غور کیا گیا اراکین الیکشن کمیشن نے پنجاب کے لیے مسلم لیگ نون کی جانب سے تجویز کردہ ایڈمرل (ر) ذکاءاللہ اور جسٹس (ر) سائر علی اور اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں ایاز امیر اور پروفیسر حسن عسکری رضوی کے ناموں پر غور کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق آرٹیکل 224 کے تحت الیکشن کمیشن ممبرز نے پروفیسر حسن عسکری رضوی کو نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کیا‘پروفیسر حسن عسکری کا نام متفقہ طور پر منظور کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ بلوچستان کے لیے علاﺅالدین مری نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان مقرر ہو ئے ہیں ‘ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن کمیشن کے باہر پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے نگراں وزیر اعلیٰ علاﺅالدین مری ہوں گے۔

علاﺅالدین مری کا نام حکومتی اتحاد کی جانب سے دیا گیا تھا، نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان کا تعلق ضلع مستونگ سے ہے ، وہ یورنیورسٹی آف بلوچستان سے گریجوایشن کرنے کے بعد مفاد عامہ کے مختلف کاموں سے وابستہ رہے۔علاﺅالدین مری کی تعیناتی کے بعد چاروں صوبوں اور مرکز میں نگران سیٹ اپ مکمل ہوگیا ہے۔دوسری جانب سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پروفیسر حسن عسکری کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری پر شدید تحفظات ہیں، بدقسمتی ہے کہ جس شخص نے ایک سکول نہیں چلایا وہ صوبہ چلائے گا۔

پروفیسر حسن عسکری کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری پراپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسن عسکری مسلم لیگ نون اور اس کی قیادت کے خلاف باتیں کرتے رہے ہیں۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ حسن عسکری جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے، انہوں نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کی قیادت کوتنقید کا نشانہ بنایا ہے۔سابق وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ پروفیسر حسن عسکری سے غیر جانبدار اور میرٹ پر کام کی توقع نہیں کی جاسکتی۔رانا ثناءاللہ نے یہ بھی کہا کہ حسن عسکری کی تقرری پر تحریری طورپر تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، ان کے اقدامات کو چیلنج کرسکتے ہیں۔