Live Updates

سندھ میں تعینات تمام بیوروکریسی کو ہٹا کر غیر جانبدار انتظامیہ کو مقرر کیا جائے،سید ذوالفقارعلی شاہ

جمعرات 7 جون 2018 15:48

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر اور این اے 228پر متوقع امیدوار سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ جنرل الیکشن کو صاف و شفاف بنانے کے لئے سندھ میں تعینات تمام بیوروکریسی کو ہٹا کر غیر جانبدار انتظامیہ کو مقرر کیا جائے تاکہ الیکشن 2018 صاف و شفا ف طریقے سے ممکن ہو سکیں۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے ٹنڈومحمد خان میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ نگران وفاقی حکومت کی جانب سے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو ہٹانے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پچیس جولائی 2018 کو ہونے والے قومی و صوبائی الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے ایماندار افسران کو مقرر کرنا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ مخالفین سیاسی قوتیں وفاداریاں تبدیل کرنے کے لئے ابھی سے پریشر ڈال رہے ہیں، انہوں نے وفاقی و صوبائی نگران حکومت اور چیف الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ بھر میں پیپلزپارٹی کے دور میں مقرر کئے گئے ڈپٹی کمشنرز ، ایس ایس پیز سمیت ان کے ماتحت کام کرنے والے افسران کو فوری طور پر تبدیل کر کے ان کی جگہ ایماندار افسران کو مقرر کیا جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات