سپریم کورٹ نے پرویزمشرف کو طلب کرلیا

نااہلی ختم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا حکم‘کاغذات کی منظوری کو سپریم کورٹ کے تاحیات نا اہلی کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 7 جون 2018 15:48

سپریم کورٹ نے پرویزمشرف کو طلب کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 جون۔2018ء) سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی تا حیات نا اہلی کےخلاف درخواست کی سماعت میں سابق صدر کو طلب کر لیا ہے ،عدالت نے پرویزمشرف کے کاغذات نامزدگی بھی وصول کرنے کا حکم دیا ہے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں پرویزمشرف تاحیات نااہلی کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی ، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ سید پرویز مشرف کون ہیں جس پر وکیل نے بتایا کہ یہ سابق آرمی چیف اور ملک کے صدر رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے پرویز مشرف کے وکیل سے کہا کہ پرویز مشرف سے کہیں پاکستان آجائیں اور13 جون کو عدالت میں پیش ہوجائیں،انہیں گرفتار نہیں کیا جائےگا،عدالت نے پرویزمشرف کے کاغذات نامزدگی بھی وصول کرنے کا حکم دیتے ہو ئے ان کے کاغذات کی منظوری کو سپریم کورٹ کے تاحیات نا اہلی کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیا۔

(جاری ہے)

جنرل (ر)پرویزمشرف کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل وطن واپس آکر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ تو وطن واپس آجائیں انہیں کس نے روکا ہے۔ وکیل نے جواب کہ ہائی کورٹ نے ان پر تاحیات پابندی عائد کی ہے اور واپسی پر ان کی گرفتاری کا بھی خطرہ ہے۔ وکیل نے عدالت سے پرویز مشرف کو وطن واپسی کی اجازت دینے اور گرفتار نہ کرنے کے احکامات جاری کرنے کی درخواست کی۔چیف جسٹس نے کہا کہ ٹھیک ہے پرویز مشرف وطن واپس آجائیں، نہ صرف ان پر عائد پابندی ہٹادیتے ہیں بلکہ انہیں گرفتار نہ کرنے اور ریٹرننگ افسر کو ان کے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا حکم بھی جاری کردیتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے 13 جون کو لاہور طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف 13 جون کو عدالت میں پیش ہوجائیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے پرویز مشرف کو الیکشن 2018 میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی بھی اجازت دیتے ہوئے قرار دیا کہ پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کا فیصلہ موجودہ کیس کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگا۔

یاد رہے کہ پرویز مشرف کے خلاف ملک میں سنگین غداری کا مقدمہ بھی چل رہا ہے جس میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت انہیں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ گزشتہ دنوں آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا تھا کہ پرویز مشرف نے عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ کرلیا تاہم حتمی تاریخ کا اعلان نااہلی کیخلاف اپیل میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہو گا، پرویز مشرف آئندہ انتخابات میں4 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ خلاف آیا تب بھی پرویز مشرف پاکستان آئیں گے۔