خلیفہ چہارم حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم کی زندگی عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے

خلفیہ رسول امیر المومنین حضرت علی ؓکا یوم شہادت ملک بھر کی طرح دارلحکومت مظفرآباد میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

جمعرات جون 16:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) خلفیہ رسول امیر المومنین حضرت علی شیر خدا کا یوم شہادت ملک بھر کی طرح دارلحکومت مظفرآباد میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔مساجد ، مدارس ، خانقاہوں ، گھروں میں اجتماعی و انفرادی تقریبات کا انعقاد، خلیفہ چہارم حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سیر ت کردار ، جراء ت بہادری، بے مثال کارہائے نمایاں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی محافل کا انعقاد ۔تفصیلات کے مطابق امیر المومنین ، باب العلم ، خلیفہ چہارم حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کا یوم شہادت ۱۲ رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیامرکزی تقریب فلاح انسانیت کی عظیم تحریک المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی مظفرآباد کے زیر اہتمام المصطفیٰ کیمپلیکس میں منعقد ہوئی جسکی صدرات صدر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی آزادکشمیر عتیق احمد کیانی نے کی ۔

(جاری ہے)

تقریب کی پہلی نشست میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا دوسری نشست کا آغاز تلاوت کلام الہیٰ سے ہوا نعت بحضور سرورکائنات ؐ کی سعادت ڈاکٹر محمد حسیب اعوان نے حاصل کی جبکہ منقبت بحضور سیدنا حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ پیش کی گئی ۔تقریب سے صدر المصطفیٰ آزادکشمیر عتیق احمد رضا، علامہ محمد پرویز قریشی ، سید نوید حسین شاہ، محمد حسنین مصطفائی ، صغیر احمد رضا، سید منظور حسین شان و دیگرحضرت علی رضی اللہ عنہ کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ ؓ کی شخصیت بے پناہ اوصاف سے مزین تھی۔

نبی کریم ؐ کی بے شمار نسبتیں حضرت علی ؓ کو حاصل ہیں آپ ایک عظیم صحابی رسولؐ کے منصب پر فائز تھے۔نبی کریم ؐ نے آپ کی فضیلت میں فرمایا میں علم کا شہر ہو اور علی ؓ اس کا دروازہ ہیں۔ایک اور حدیث میں نبی رحمت ؐ نے فرمایا جس کا میں مولا اس کے علیؓ مولاہیں۔ نبی کریم ؐ نے فرمایا حضرت علی ؓ کو مجھ سے وہی نسبت حاصل ہے جو حضرت ہارونؑ کو حضرت موسیٰ ؑسے تھی۔

مقررین نے کہا بڑھتی ہوئی جہالت ،دین سے دوری امت مسلمہ کو افتراق و انتشار سے دور رکھنے کے لیے حضرت علی ؓ کی سیر ت بہترین نمونہ ہے آپؓ نے بچوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کیا اور ساری زندگی نبی کریم ؐ کی اطاعت و فرمانبرداری میں گزاری۔غزوات میں حصہ لیا آپ کی شجاعت اور بہادری کی بدولت لشکراسلام کو فتوحات نصیب ہوئیں۔آپ ؓ کی شخصیت ہمہ جہت اوصاف کی حامل تھی آپ نے پوری زندگی اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں گزاری۔آپ اسلام کی واحد شخصیت ہیں جنکی ولادت خانہ کعبہ میں جبکہ شہادت مسجد میں ہوئی۔