وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس، چیف کمشنر اسلام آباد نے الیکشن سے متعلق بریفنگ دی

الیکشن کے دوران اسلام آباد کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات فراہم کئے جائیں، محمد اعظم خان

جمعرات 7 جون 2018 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) وزیر داخلہ محمد اعظم خان نے الیکشن کے دوران اسلام آباد کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو نگراں وزیر داخلہ محمد اعظم خان نے چیف کمیشنر آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمیشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے افسران شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف کمیشنر اسلام آباد ڈاکٹر آفتاب درانی نے وزیرداخلہ کو الیکشن سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں 356 پولنگ اسٹیشنز مرد حضرات کیلئے اور 345 پولنگ اسٹیشنز خواتین کیلئے قائم کئے گئے ہیں جبکہ 87 مخلوط پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔آئی جی اسلام آباد نے الیکشن کے حوالے سے کئے جانے والے سیکورٹی اقدامات سے وزیرداخلہ کو آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ الیکشن کے دوران اسلام آباد کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات فراہم کئے جائیں۔