نگراں حکومت تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرے ، ولی اللہ

جمعرات 7 جون 2018 16:10

نگراں حکومت تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرے ، ولی اللہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) نگران حکومت قومی معیشت کے فروغ و ترقی کیلئے طویل المدتی پالیسیاں تشکیل دے ۔ محب وطن معاشی ماہرین پر مشتمل ٹیم قائم کر کے بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے معاشی و اقتصادی پالیسیاں دینا ہی قومی معیشت کے مفاد میں ہے ۔ ڈاکٹر شمشاد اختر کی بطور نگراں وزیر خزانہ تعیناتی خوش آئند اقدام ہے ۔

ملکی معیشت کو غیر ملکی قرضوں ، مراعات اور امداد پر چلانے کی بجائے خود انحصاری کی پالیسی اپنائی جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ایس ایم وی فائونڈیشن کے صدر ولی اللہ خان نے چھوٹے تاجروں کے افطار عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ درآمدات 52ارب ڈالر تک پہنچنے سے تجارتی خسارہ مسلسل بڑھ رہا ہے ، آزاد تجارتی معاہدوں کے تحت ہونے والے تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے اقداما کئے جائیں ۔

ولی اللہ خان نے کہا کہ توانائی بحران اور شرح نرخ میں اضافے سے چھوٹے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ، چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے فروغ دینے کیلئے چھوٹے تاجروں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں تاکہ ملکی معیشت مستحکم ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حالات کے تناظر میں معاشی استحکام وقت کی ضرورت ہے ۔