عوام کا پانی چوری کرکے ارب پتی بننے والوں کو عبرت کا نشان بنانے کی بجائے نوازا جارہا ہے،اسد اللہ بھٹو

جمعرات 7 جون 2018 16:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ومتحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار این اے 242اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، عوام کا پانی چوری کرکے ارب پتی بننے والوں کو عبرت کا نشان بنانے کی بجائے نوازا جارہا ہے جو کہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے، چوری روکنے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناکر عوام کو اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سچل گوٹھ میں جماعت اسلامی کے تحت منقعدہ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر امیر ضلع شرقی وسابق رکن صو بائی اسمبلی محمد یونس بارائی نے بھی خطاب کیا۔ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر اور صوبائی دارلخلافہ کراچی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ،رمضان شریف کے مقدس ماہ میں تو یہ مسئلہ مزید شدت اختیار کرگیا ہے ۔

(جاری ہے)

عوام پانی وبجلی بحران پر سراپا احتجاج ہیں مگر ان کی داد فریاد سننے ولا بھی کوئی نہیں ہے۔محمدیونس بارائی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے لیکر نادرا اور پانی بحران سمیت ہمیشہ شہر کے مسائل پر آواز اٹھائی ہے۔2018کے انتخابات میں اہلیان کراچی نے ایم ایم اے کے صادق وامین نمائندوں کو منتخب کیا توان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔