کم عمر نوجوان اور فیس بُک کی دوستی کا بھیانک انجام

عید پر خریداری کرنے اور مہنگے شوق پورے کرنے کے لیے نوجوانوں نے جرائم کا راستی اختیار کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 7 جون 2018 16:07

کم عمر نوجوان اور فیس بُک کی دوستی کا بھیانک انجام
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جون 2018ء) : عید پر خریداری کرنے اور اپنے مہنگے شوق پورے کرنے کے لیے تین نوجوانوں نے جرائم کا راستہ اختیار کر لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فیس بُک پر دوست بنے تینوں نوجوانوں بالے خان، راہب اور سلیم عرف رگھو بھائی نے آپس میں مل کر اپنے مہنگے شوق پورے کرنے کے لیے جرائم کی منصوبہ بندی کی۔ تینوں نوجوانوں نے کچھ روز قبل لوئر مال کے علاقہ میں ایک شخص کو مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل بھی کیا۔

ملزمان نے پولیس حراست میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقتول کی تلاشی لے رہے تھے اور ہمارے پاس پستول تھے ، مقتول نے مزاحمت کی جس پر ہم نے اُسے ڈرانے کے لیے پستول دکھائی تو گولی چل گئی۔ ملزمان نے بیان دیا کہ ہم نے یہ سب اس لیے کیا کیونکہ ہم نے عید پر شاپنگ کرنی تھی، کسی سے اُدھار پیسے لے رکھے تھے وہ بھی واپس کرنے تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حراست میں تینوں دوست اب تک آٹھ سے زائد وارداتوں کا اعتراف کر چکے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ تینوں ملزمان موٹرسائیکل چھین کر راوی میں پھینک آتے تھے، انہوں نے کہا کہ ملزمان نے مقتول کو ٹانگ پر گولی ماری ، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہری موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان نے دوران تفتیش اپنے گینگ میں شامل ہونے والے مزید نوجوانوں سے متعلق نشاندہی بھی کی ہے۔

مزید ملزمان کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ سوشل میڈیا کو جہاں اپنے پیاروں سے رابطوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے وہیں سوشل میڈیا کا استعمال جرائم کے لیے بھی بڑھ گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر دوست بننے کے بعد مجرم بنے ان تینوں ملزمان کو دیکھ کر صاف ظاہر ہے کہ ہمارا معاشرہ اخلاقی طور پر کتنا نیچے گر چکا ہے ، مہنگی خریداری کرنے اور عید پر مہنگے کپڑے خریدنے کے جنون نے ان نوجوانوں کو جرائم کی دنیا میں دھکیل دیا۔