سوڈان نے پیانگ یانگ سے منہ موڑ لیا،

تمام دفاعی و عسکری تعلقات ختم، سفارتی تعلقات بدستور قائم

جمعرات جون 16:16

خرطوم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء)سوڈان نے پیانگ یانگ سے منہ موڑ لیا، تمام دفاعی و عسکری تعلقات ختم کرنے کا اعلان کر دیا،دونوں ممالک مابین سفارتی تعلقات بدستور قائم رہیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈان کی حکومت نے شمالی کوریا کے ساتھ جاری دفاعی معاہدے ختم کرتے ہوئے پیانگ یانگ کے ساتھ ہرطرح کے عسکری تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

سوڈانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خرطوم نے شمالی کوریا پر سلامتی کونسل کی عاید کردہ پابندیوں کے نفاذ کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سوڈانی محکمہ دفاع اور دفاعی صنعت نے شمالی کوریا کے ساتھ طے پائے تمام معاہدے ختم اور بالواسطہ یا براہ راست کسی طرح کے عسکری تعلقات برقرار نہ رکھنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔ تاہم دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات بدستور قائم رہیں گے۔