سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پیغام

جمعرات 7 جون 2018 16:16

سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کے سر براہ  ایڈمرل ظفر محمود ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ سمندروں کا عالمی دن ہمیں احساس دلاتا ہے کہ ہم سب کا سمندروں سے گہرا تعلق ہے ۔ ا س دن کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے اس سال اس دن کے لئے ’’پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی کی روک تھام اور صاف ستھرے سمندر کے لئے اقدامات کی حوصلہ افزائی‘‘ Preventing Plastic Pollution and Encouraging Solutions for a Healthy Oceanکے موضوع کا انتخاب کیا گیا ہے۔

زمینی ماحولیاتی نظام میں سمندر جزوِلاینفک کی حیثیت رکھتے ہیں اور شفاف سمندر صاف ستھرے کرئہ کے لئے ناگزیر ہیں ۔ زمین پر زندگی کو برقرار رکھنے میں بھی سمندر اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ آب و ہوا کو معمول پر لانے، ماحولیاتی نظام کی تقویت ، قدرتی عمل کے ذریعے غذائی اجزاء کو معیاری بنانے اور کرئہ ارض پر زندگی کو بر قرار رکھنے کے لئے بے پناہ وسائل کی دستیابی میں سمندر معاون ثابت ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو وسیع و عریض ساحلی پٹی اور جاندار اور غیر جاندار وسائل سے مالا مال مخصوص اقتصادی زون اور کونٹینینٹل شیلف عطا کیا ہے۔ ہمارے سمندر بحری حیات کے لئے بے پایاں ماحولیاتی نظام کی آماجگاہ ہیں اور قدرتی وسائل کا ایک بہت بڑا ذخیرہ ہیں۔ تا ہم سمندروں کے استحصال، غیر قانونی کاموں اور بڑھتی ہوئی بحری آلودگی کی وجہ سے ہمارے سمندروں کو خطر ناک صورت حال کا سامنا ہے۔

سمندروں اور ملکی بحری اقتصادیات کی بھر پور صلاحیتوں کے بارے میں عوام الناس کے فہم میں اضافہ کرنے کے لئے پاک بحریہ جامع میری ٹائم آگہی مہم پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندروں کی افادیت کو اُجاگرکرنے اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھتے ہوئے سمندروں اور بحری وسائل کے استعمال کے متعلق آگہی کے فروغ کے لئے دنیا بھر میں سمندروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

یہ دن ہمیں ماحولیاتی توازن کو بر قرار رکھتے ہوئے سمندروں کے استعمال کی ضرورت سے ہمیشہ آگاہ رہنا چاہیے تا کہ ہماری آنے والی نسلیں بھی اس خزانے سے مستفید ہو سکیں۔ سمندروں کے عالمی دن میں ہر ایک کی سر گرم اور عملی شرکت اس دن کے مقصد کے حصول میں معاون ثابت ہو گی۔ آئیے اس دن ہم اپنے عہد کی تجدید کریں کہ ہم ہر طرح بحری ماحول کی حفاظت اور بچائو کو یقینی بنا ئیں گے۔ میں اپنے تمام ہم وطنوں پر زور دیتا ہوں کہ آنے والی نسل کے لئے صاف ستھرے سمندروں کی دستیابی کے لئے پاک بحریہ کے شانہ بشانہ مل کر اپنا کردار ادا کریں ۔

متعلقہ عنوان :