الیکشن کمیشن نے تحریک دفاع پاکستان کو ‘‘کمان’’ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا

جمعرات 7 جون 2018 16:16

الیکشن کمیشن نے تحریک دفاع پاکستان کو ‘‘کمان’’ کا انتخابی نشان الاٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تحریک دفاع پاکستان کو ‘‘کمان’’ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا گیا ہے۔ سیاسی جماعت کے چئیرمین زاہد بختاوری نے ملک بھرسے پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت’’ریاست بچاؤ’’ یعنی ‘‘پاکستان کا تحفظ اولین ترجیح’’ کے منشور کے تحت 2018 کے عام انتخابات میں حصہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ دوہزاربارہ میں سیاسی جماعت کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے بعد جماعت کا یہ پہلا باضابطہ الیکشن ہے جس میں ملک کے تمام طبقات کو ذاتیات کے بجائے ملکی تعمیرو ترقی اور استحکام کیلئے سیاست کی خاطر اس پلیٹ فارم سے عوامی اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

زاہد بختاوری نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ایسی باشعور قیادت کی ضرورت ہے جو وطن عزیز کے مفاد کو ہرچیز پر مقدم رکھے اس منشور کو ماننے والے پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ اس جماعت کے پلیٹ فارم سے سیاست کیلئے پارٹی ٹکٹ کی درخواستیں جمع کرائیں یہ درخواستیں 15 جون تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

تحریک دفاع پاکستان کے چئیرمین زاہد بختاوری نے کہا کہ تحریک دفاع پاکستان دراصل دفاع پاکستان کیلئے تنی ہوئی اک کمان ہے اس لئے ہم نے اسی کو انتخابی نشان بنانے کی استدعا کی تھی جو الیکشن کمیشن نے منظور کرتے ہوئے انتخابی نشان الاٹ کردیا۔