مزید آبی ذخائر ملک کی ضرورت اشد ہیں فوری تعمیر کے اقدامات کئے جائیں، محمد نوید ملک

جمعرات 7 جون 2018 16:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد نوید ملک نے کہا کہ پاکستان اس وقت پانی کے بحران میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے مستقبل میں عوام بوند بوند پانی کو ترس جائیں گے ۔ چیف جسٹس ثاقت نثار نے از خود نوٹس لے کر کارروائی کا آغاز تو کر دیا ہے لیکن مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آتا لہٰذا حکومت فوری طور پر مزید آبی ذخائر تعمیر کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں اس وقت چھوٹے بڑے کل 155ڈیم ہیں جس وجہ سے پاکستان کے پاس صرف 30دن تک پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش پائی جاتی ہے جبکہ اس کے برعکس انڈیا اب تک تقریبا 5102ڈیم تعمیر کر چکا ہے اور اس کے پاس 170دن تک پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ کالا باغ ڈیم اور بھاشا ڈیم سمیت ملک کو مزید ڈیم تعمیر کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال بڑی تعداد میں پانی ضائع جاتا ہے۔

محمد نوید ملک نے کہا کہ پاکستان میں 90فیصد پانی زراعت کیلئے استعمال ہوتا ہے جبکہ ٹیوب ویلوں اور بور کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح دن بدن نیچے جا رہی ہے اور اگر فوری طور پر آبی ذخائر تعمیر نہ کئے گئے تو جلد ہی ملک پانی کے شدید بحران میں مبتلا ہو جائے گا۔ انہوںںنے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر نئے آبی ذخائر اور کالا باغ ڈیم تعمیر کرنے کی مہم شروع ہے جس کی تمام محب وطن لوگ حمایت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر اب پاکستان کے عوام کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے جس کی تعمیر فوری طور پر شروع کی جائے۔ اجلاس میںچیمبر کے سابق صدر باصر دائود، خالد چوہدری، ضیا عباسی اور دیگر موجود تھے۔