امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے سابق صدر پرویزمشرف کا ڈپلومیٹک پا سپورٹ بلاک کر دیا

جمعرات 7 جون 2018 16:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے سابق صدر پرویزمشرف کا ڈپلومیٹک پا سپورٹ بلاک کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے خصوصی عدالت کے حکم کی روشنی میں گزشتہ ماہ 22مئی کو پرویز مشرف کا پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے سابق صدر پرویزمشرف کا ڈپلومیٹک پا سپورٹ بلاک کر دیا، پرویز مشرف کا پاسپورٹ نمبر AJ0848365ہے ۔

وزارت داخلہ نے خط کے ذریعے ایف آئی اے کو بھی پرویز مشرف کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطے کا حکم دے رکھا ہے اور 22 مئی کو ہی ایف آئی اے کو خط میں کہا تھا کہ وہ انٹرپول سے رابطہ کرے اور انٹرپول کے ذریعہ مشرف کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں، وزارت داخلہ نے پرویز مشرف کی بیرون ملک جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کی بیرون ملک نامی گرامی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں اور حکم پرعملدرآمد کے لیے ایف آئی اے حکومتی تمام اداروں سے تعاون لے سکتی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو حکم جاری کرنے سے قبل وزارت قانون سے مشاورت کی اور وزارت قانون سے مشاورت کے بعد وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو احکامات جاری کیے۔