ریحام خان کے پاس عمران خان کا بلیک بیری موجود

ریحام خان مزید تفصیلات سامنے لے آئیں تو عمران خان کو سیاسی نقصان پہنچنے کا خدشہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات جون 16:38

ریحام خان کے پاس عمران خان کا بلیک بیری موجود
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جون 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب لانچ ہونے سے قبل ہی متنازعہ ہو چکی ہے۔۔ریحام خان کی کتاب متنازعہ ہونے کی وجہ اس میں بیان کی گئی باتیں اور عمران خان سمیت کئی لوگوں پر عائد کیے جانے والے الزامات ہیں، ریحام خان نے اپنی کتاب میں پی ٹی آئی چئیرمین اور اپنے دوسرے سابق شوہر عمران خان سے لے کر ان کے قریبی ساتھیوں، پارٹی کی خواتین رہنماؤں ،،عمران خان کے صاحبزادے قاسم اور عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان سے متعلق کئی باتیں بیان کی ہیں جس پر انہیں سخت رد عمل کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔

ریحام خان کی کتاب میں عمران خان کے بلیک بیری کا بھی تذکرہ ہے جو ریحام خان عمران خان سے طلاق کے بعد لندن آتے ہوئے چوری کر کے اپنے ساتھ لے گئی تھیں، عمران خان کے بلیک بیری کا ریحام خان کے پاس ہونا عمران خان کے لیے ایک خطرہ بھی ہے کیونکہ بقول ریحام خان اس فون میں عمران خان کی ای میلز اور کچھ ایسے پیغامات موجود ہیں جن کا وہ اپنی کتاب میں بھی تذکرہ کر چکی ہیں۔

(جاری ہے)

عین ممکن ہے کہ اسی وجہ سے پی ٹی آئی ریحام خان کی کتاب پر کافی واویلا کر رہی ہے اور ریحام خان کی کتاب میں موجود مواد کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دینے کی سر توڑ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ریحام خان کے پاس موجود عمران خان کے بلیک بیری سے متعلق حال ہی میں انکشاف ہوا کہ ریحام خان نے عمران خان کا بلیک بیری لندن میں اپنی کسی دوست کے پاس یا پھر کسی انشورنس کمپنی کے پاس رکھوایا ہوا ہے۔

ریحام خان کے پاس عمران خان کے بلیک بیری کی موجودگی پی ٹی آئی کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے اوریہی کہا جا رہا ہے کہ اگر ریحام خان نے عمران خان کے بلیک بیری کو استعمال کرتے ہوئے مزید انکشافات کر دئے تو عین ممکن ہے کہ عمران خان کو ذاتی اور سیاسی طور پر شدید نقصان پہنچے گا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی ان دنوں عام انتخابات 2018ء کی تیاری میں مصروف ہے اور پی ٹی آئی میں دیگر سیاسی جماعتوں سے انتخابی اُمیدواروں کی شمولیت دیکھ کر ایسا ہی لگ رہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہو گی، البتہ اس صورتحال میں اگر ریحام خان نے عمران خان کے بلیک بیری کو استعمال کرتے ہوئے مزید انکشافات کیے تو عمران خان اور پی ٹی آئی کے سیاسی کیرئیر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔