شفاف ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن 2018ء کا انعقاد یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنرہ ڈیرہ

جمعرات 7 جون 2018 16:45

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی نے کہا ہے کہ شفاف ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن 2018ء کا انعقاد یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے علاوہ دیگر تمام ادارے بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ بروقت اور پرامن الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں الیکشن 2018ء کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس سے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر، اے ڈی سی، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ مواصلات، تعمیرات، پیسکو، تحصیل میونسپل آفیسرز، محکمہ تعلیم کے افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایاگیا کہ الیکشن 2018ء کیلئے ضلع ڈیرہ میں 665پولنگ سٹیشن جبکہ 2007پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کو شفاف ، پرامن اور غیر جانبدارانہ ماحول میں منعقد کروانے کیلئے تمام محکموں کے باہمی تعاون سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پولنگ کے ساز و سامان کی ترسیل، عملے کی ڈیوٹیوں ، سیکورٹی کا بندو بست کرنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کو اس تمام پراسس کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے تاکہ تمام محکموں کے درمیان بہتر کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جا سکے۔

میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پولیس کو پولنگ کے دوران فول پروف سیکورٹی انتظامات کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں بلڈنگ ڈویژن کو پولنگ سٹیشنز کیلئے مختص کردہ عمارات کی تعمیر و مرمت کی صورتحال کو چیک کرنے اور رپورٹ جمع کروانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی یوم کروا کر پولنگ کے طریقہ کا ر میں شفافیت ، غیر جانب داری اور نہ صرف پر امن ماحول پیدا کرنا ہے بلکہ دھاندلی اور بوگس ووٹوں کو پول ہونے سے سختی سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کیلئے مختلف قومی اور بین الاقوامی ایجنسیوں کے نمائندوں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو منصفانہ پولنگ کے طریقہ کار کا مشاہدہ کریں گیں۔