دختران ملت کی پارٹی رہنمائوں ، والدین اور رشتہ داروں کو پولیس اسٹیشن طلب کرنے کی شدید مذمت

جمعرات 7 جون 2018 16:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت نے جنوبی کشمیرمیں پارٹی سے وابستہ خواتین ، انکے والدین اور رشتہ داروں کوبھارتی پولیس کی طرف سے پولیس اسٹیشنوں میں طلب کرنے کی مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق دختران ملت کی ترجمان رفعت فاطمہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے ضلع اسلام آباد میں بھارتی پولیس دختران ملت کی عہدیداروں اور خیر خواہوں کے علاوہ انکے والدین اور اقرباء کوپولیس اسٹیشنوں میں طلب کر کے بلا جواز طورپر تنگ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کشمیری خواتین کو دختران ملت کی حمایت ترک کرنے کیلئے دبائو بڑھانے کی ایک کوشش ہے ۔ رفعت فاطمہ نے کہاکہ ان ہتھکنڈوں سے حریت پسند خواتین کے عزم اور حوصلے کو پست نہیںکیا جاسکتا ۔انہوں نے مزید کہا کہ باپردہ خواتین کو تھانوں پر طلب کرنے سے بھارتی پولیس کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ کشمیری خواتین کی پولیس اسٹیشنوں پر طلبی کو ہرگز برداشت نہیںکیا جائے گا اور نہ ہی ان ہتھکنڈوں سے ہمارے عزم کو توڑا جاسکتا ہے۔انہوں نے صدر پولیس سٹیشن اسلام آباد میں دولڑکیوںتنفیع رسول اور سمیرا رسول کو پولیس ریمانڈ پر نظربند رکھنے کی بھی شدید مذمت کی ۔